روسی صدرکی حمایت بڑھ کر 80 فیصد سے زیادہ ہوگئی, سروے
ماسکو(صداۓ روس)
حال ہی میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق روسی صدرکی حمایت بڑھ کر 80 فیصد سے زیادہ ہوگئی ہے. روس میں رائے عامہ کے ایک جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ یوکرائن پر روسی حملے کے بعد صدر ولادیمیر پُوتن کی حمایت کی شرح بڑھ کر 80 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔ رائے عامہ کے جائزے لینے والے ایک خودمختار ادارے، لیوادا سینٹر نے 24 مارچ سے لے کر 30 مارچ تک، 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 1 ہزار632 افراد کا ذاتی طور پر سروے کیا ہے۔ ان میں سے 83 فیصد نے کہا کہ وہ صدر پُوتن کے اقدامات کو منظور کرتے ہیں اور 15 فیصد نے کہا کہ وہ نہیں کرتے۔
صدرپُوتن کی منظوری کی شرح گزشتہ نومبر تک کم ہو کر 63 فیصد رہ گئی تھی۔ روس کی جانب سے یوکرائن کے ساتھ واقع سرحد کے نزدیک فوجیوں کو تعینات کیے جانے کے بعد اس میں بتدریج اضافہ ہوا۔ اس سوال پر کہ کیا وہ یوکرائن میں روس کی فوجی کارروائی کو منظور کرتے ہیں، 81 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ ایسا کرتے ہیں جبکہ 14 فیصد نے کہا کہ وہ نامنظور کرتے ہیں۔ عمر کے گروپ کے اعتبار سے 55 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 64 فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ اسے بھرپور طریقے سے منظور کرتے ہیں جبکہ ایسا کہنے والوں میں 24 سال یا اس سے کم عمر افراد کی تعداد مقابلتاً صرف 29 فیصد تھی۔ لیوادا سینٹر کے مطابق، نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت سے لوگ حکومت پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔