پاکستانی فوج کی مؤثر جوابی کارروائی، افغانستان کی کارروائی روکنے کی اپیل

Artillery fire Artillery fire

پاکستانی فوج کی مؤثر جوابی کارروائی، افغانستان کی کارروائی روکنے کی اپیل

اسلام آباد(صداۓ روس)
پاک۔افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان فوجیوں کو ہلاک اور کئی سرحدی چوکیاں تباہ کر دیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ کے مختلف مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جب کہ بلوچستان کے سرحدی ضلع چاغی میں بھی پاکستانی چوکیوں پر حملے کیے گئے۔ پاک فوج نے فوری اور مؤثر ردِعمل دیتے ہوئے توپخانے، ٹینکوں، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے ساتھ افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی کارروائی سے افغان فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا، کئی پوسٹیں تباہ ہوگئیں اور متعدد عسکری تشکیلیں منتشر ہو گئیں۔ افغان چوکیوں کی جانب سے دہشت گردوں کو کور فائر دینے کی کوشش ناکام رہی۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج نے کرم میں افغان پوسٹ تباہ کرنے کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں افغان “ٹالی پوسٹ” کے مکمل طور پر تباہ ہونے کے مناظر دکھائے گئے۔ برامچاہ سیکٹر میں پاکستانی فورسز نے سخت جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان “شہیدان پوسٹ” تباہ کی، جس کے نتیجے میں کئی ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ اس کے علاوہ پاک فوج نے “دوران میلا” اور “ترکمانزئی” کیمپس کو بھی نشانہ بنایا۔ خرلاچی سیکٹر میں بھی پاکستانی فورسز کی کارروائی کی ویڈیو منظرِ عام پر آچکی ہے، جس میں پاک فوج کو افغان چوکیوں کو براہِ راست نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج نے آرٹلری، ٹینک، ڈرونز اور فضائی وسائل کا استعمال کیا، جن کے ذریعے افغانستان کے اندر داعش اور خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کی جانب سے یہ جارحیت ایسے وقت میں کی گئی جب افغان وزیرِ خارجہ بھارت کے دورے پر ہیں، جس کے باعث صورتحال کو مزید سنگین سمجھا جا رہا ہے۔ بھاری نقصان کے بعد افغان حکومت نے پاکستان سے جوابی کارروائی روکنے کی درخواست کی ہے۔

Advertisement