روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ، 146 فوجی واپس
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے زیرِ قبضہ علاقے سے ۱۴۶ روسی فوجیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔ یہ تبادلہ دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے باہمی تبادلے کے تحت ہوا، جس میں برابر تعداد میں ۱۴۶ یوکرینی فوجیوں کو بھی حوالے کیا گیا۔ وزارتِ دفاع کے مطابق اس موقع پر آٹھ روسی شہری، جو صوبہ کورسک سے تعلق رکھتے تھے اور یوکرین میں ’’غیر قانونی‘‘ طور پر حراست میں رکھے گئے تھے، انہیں بھی رہائی دلا کر واپس لایا گیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ یہ افراد جلد اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ واپس آنے والے تمام روسی فوجی فی الحال بیلاروس میں موجود ہیں، جہاں انہیں طبی امداد اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ بعد ازاں ان فوجیوں کو روس منتقل کر کے وزارتِ دفاع کے زیرِ انتظام ہسپتالوں میں مکمل علاج اور بحالی کی سہولت دی جائے گی۔
روسی وزارتِ دفاع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ قیدیوں کی واپسی میں متحدہ عرب امارات نے ’’انسانی بنیادوں پر‘‘ اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت یہ عمل ممکن ہو سکا۔