ماسکو (SR)
مشرقی سرحد کی طرف نیٹو کی پیشرفت پر روس نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ممالک کے ایسے اقدامات روس کو فوجی ردعمل جاری کرنے کا قانونی جواز فراہم کریں گے. واضح رہے اس سے قبل بھی متعدد بار روس نے سیکورٹی امور پر نیٹو سے کئی مطالبات کیے ہیں، جس میں اس اتحاد میں توسیع نہ کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ روس اس پر فوری بات چیت چاہتا ہے.
روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ روس اور مغرب کو تعلقات کی تعمیر نو کے لیے نئے سرے سے آغاز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا حالیہ برسوں کے دوران امریکا اور نیٹو کی طرف سے سلامتی کی صورتحال کو جارحانہ انداز میں بڑھانے کے لیے جو لائحہ عمل اختیار کیا گیا ہے وہ انتہائی خطرناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس تصادم نہیں چاہتا مگر اپنی سلامتی سے غافل نہیں. روسی سفارت کار کا کہنا تھا کہ اگر نیٹو اس ہی روش پر آگے بڑھتا رہا اور مشرقی سرحدوں پر فوجی موجودگی کو بڑھاتا رہا تو روس شدید رد عمل دے گا.