پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک)
شمالی کوریا نے 10 دن کے اندر ایک اور میزائل کا تجربہ کرڈالا جس سے امریکا کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے. اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور میزائل ٹیسٹ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا کے ایک اور میزائل ٹیسٹ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جاپان کے سمندر کی طرف ایک پروجکٹائل فائر کیا۔
جاپان کے ساحلی گارڈ نے بھی کہا ہے شمالی کوریا کی طرف سے فائر ہونے والا پروجکٹائل بیلسٹک میزائیل لگ رہا تھا۔
یہ نئے سال میں شمالی کوریا کی طرف سے دوسرا میزائیل ٹیسٹ ہے۔ اس سے پہلے 5 جنوری کو شمالی کوریا نے ہائیپرسونیک میزائیل ٹیسٹ کیا تھا جو آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیز رفتار سے بڑھتا ہے۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے کیم سونگ نے کہا تھا کہ ان کے ملک کو ایٹمی اسلحوں کو ٹیسٹ کرنے اور اپنی دفاعی طاقت بڑھانے کا حق حاصل ہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں، امریکہ سے معاہدے اور جنوبی کوریا سے ڈیل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس سے قبل بھی ایٹمی صلاحیتوں کے حامل کروز اور بیلسٹک میزائل کے تجربات کرچکا ہے جس پر امریکہ نے سخت رد عمل دکھاتے ہوئے شمالی کوریا پر مختلف قسم کی پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ پیانگ یانگ کے خلاف اپنی دشمنانہ پالیسی کو ترک نہیں کرتا اس وقت تک اپنے جوہری اور میزائل پروگرام کو جاری رکھے گا۔