میاں چنوں میں ایک اورشخص توہین مذہب کی الزام میں ہجوم کے ہاتھوں قتل
اسلام آباد(صداۓ روس)
میاں چنوں میں ایک اورشخص توہین مذہب کی الزام میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہوگیا. پنجاب کے جنوبی شہر خانیوال کے علاقہ تلمبہ میں ہفتے کو مشتعل ہجوم نے ایک نامعلوم شخص کو قرآنی آیات کی بےحرمتی کے الزام میں تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔ خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں مبینہ طور پر توہینِ مذہب کا الزام لگا کر ہجوم نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ہجوم کے ہاتھوں مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام میں قتل کا واقعہ گزشتہ روز تلمبہ میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت مشتاق کے نام سے ہوئی اور وہ خانیوال کا رہائشی تھا۔
پولیس کے مطابق ہجوم کے ہاتھوں شہری کے قتل کامقدمہ درج کر لیا گیا اور مقدمہ 33 نامزد اور 300 نامعلوم افراد کےخلاف درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ تلمبہ کی مدعیت میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مقدمے میں گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں، مزید گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔