واشنگٹن سلامتی کی ضمانتوں پر روس سے رابطہ کے لئے تیار
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
واشنگٹن سلامتی کی ضمانتوں پر روس سے رابطہ کے لئے تیار ہے. امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ امریکہ سلامتی کے معاملات پر روس کے ساتھ نئے رابطوں کے لیے تیار ہے۔ اہلکار نے کہا کہ ہم روسی ہم منصبوں کے ساتھ دوبارہ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ہم سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے ایمانداری سے کام کر رہے ہیں اور ہم روسی حکومت کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مینسک معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تمام فریقوں کی جانب سے پیش رفت کی مخلصانہ کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں لیکن واضح رہے کہ روس کا مشرقی یوکرین سے اپنی افواج کو واپس بلا کر اپنے وعدوں کو پورا کرنا ایک اچھی شروعات ہوگی۔
یاد رہے امریکا اور اس کے اتحادی دنیا بھر میں جنگ سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں جس کا مقصد مشرقی یورپ میں صورت حال کو خراب کرنا ہے. جنگ کے خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے سے سب زیادہ معاشی نقصان بھی یوکرین کا ہی ہو رہا ہے۔ گذشتہ روز فلائٹ آپریشن کی لائیو ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 پر دیکھا جا سکتا تھا کہ یوکرین کی ایئر اسپیس بلکل خالی پڑی ہے۔ حالانکہ یوکرین اس بات پر مسلسل اصرار کر رہا ہے کہ اس کی فضائی حدود کھلی ہوئی ہیں۔ یوکرین نے فضائی کمپنیوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے 600 ملین ڈالر سے ایک خصوصی فنڈ بھی قائم کیا ہے، لیکن ایئرلائنز 2014 میں ملائیشیا کے ایک جہاز کے حادثے کو یاد رکھتے ہوئے پہلے ہی سے محتاط ہوگئی ہیں۔