جنگ ہوئی تو چین روس کا ساتھ دے گا، ماہرین
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک)
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر روس اوریوکرین جنگ چھیڑتی ہے تو چین روس کی سفارتی اور شاید اقتصادی طور پر حمایت کرے گا، جس سے بیجنگ کے مغرب کے ساتھ پہلے سے کشیدہ تعلقات خراب ہوں گے، لیکن وہ فوجی مدد فراہم کرنے سے باز رہے گا۔ برطانوی ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس اور یوکرین میں حالات انتہائی کشیدہ صورت حال اختیار کرتے جارہے ہیں. جاری رپورٹ کے مطابق اگر مشرقی یورپ میں یہ جنگ شروع ہوگئی تو روس کو چین کی مکمل حمایت حاصل ہوگی. جس کی بنیادی وجہ چین کے بھی مغرب کے ساتھ کشیدہ حالات ہیں.واضح رہے مغرب کی جانب سے روس کے خلاف ایک باقاعدہ معلوماتی جنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے.
گزشت دنوں روس کی جانب سے فوجیں واپس بلانے کو امریکا نے تسلیم نہیں کیا تھا بلکہ امریکا نے ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روس نے یوکرین کے قریب ہزاروں فوجیوں کا اضافہ کر دیا ہے. امریکہ نے روس کی جانب سے یوکرین کی سرحد کے قریب فوج میں کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ خطے میں فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔ امریکہ کے ایک اعلیٰ انتظامی عہدیدار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے اس بات کی تصدیق کر لی ہے کہ روس نے یوکرین کی سرحد کے ساتھ اپنے فوجیوں کی تعداد میں 7 ہزار اہلکاروں تک کا اضافہ کیا ہے۔