پوتن جنگ کرنے پر بضد ہیں، جو بائیڈن
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر جو بائیڈن نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی صدر پوتن جنگ کرنے پر بضد ہیں. یوکرین روس کشیدگی کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روسی حمایت یافتہ یوکرینی باغی اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ روس اگلے ہفتے یا کچھ دنوں میں یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، گزشتہ دنوں روس اور اس کے حمایت یافتہ باغیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔
جو بائیڈن نے کہا کہ ہم یوکرین پر روس کے حملے کی وجوہات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس کی ہمارے اتحادیوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کے باوجود امریکی اتحادی متحد ہیں۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ روس نے یوکرین پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے سفارت کاری کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ جو بائیڈن کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس نے فوج کو یوکرین کی سرحد سے واپس نہیں بلایا، اس لیے حملے کا خطرہ زیادہ ہے۔