روس کسی کے آگے جھکے گا نہیں، روسی صدر
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کریملن میں منعقدہ تقریب میں ڈونیٹسک اور لوگانسک عوامی جمہوریہ کو تسلیم کرنے کے فرمان پر دستخط کیے۔ قبل ازیں شہریوں سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے وضاحت کی میں سمجھتا ہوں کہ یہ طویل التواء فیصلہ لینا ضروری ہے۔ میں فوری طور پر ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ اور لوگانسک عوامی جمہوریہ کی آزادی اور خودمختاری کو تسلیم کرتا ہوں۔ روسی رہنما نے وفاقی اسمبلی سے کہا کہ وہ اس فیصلے کی حمایت کرے اور پھر دونوں جمہوریہ کے ساتھ دوستی اور باہمی امداد کے معاہدوں کی توثیق کرے۔ اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے روسی صدر نے روسی شہریوں اور ملک کی تمام محب وطن قوتوں کی حمایت کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا۔
بعد ازاں صدر پوتن نے ڈی پی آر اور ایل پی آر کے رہنماؤں، ڈینس پشیلین اور لیونیڈ پاسیچنک سے ملاقات کی، اور ان کے ساتھ روس اور دونوں جمہوریہ کے درمیان دوستی، تعاون اور باہمی امداد کے معاہدوں پر دستخط کیے۔ یہ تقریب کریملن کے سینٹ کیتھرین ہال میں منعقد ہوئی جس میں روسی سلامتی کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی گئی۔