یوکرین کے کئی شہروں پر روسی فوج کا کنٹرول
ماسکو(صداۓ روس)
یوکرین کے کئی شہروں پر روسی فوج کا کنٹرول ہوچکا ہے. یوکرین کے متعدد شہروں کو روسی فوج نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے تاہم دارالحکومت کی ایف کے حوالے سے بعض ذرائع نے شدید جنگ کی خبر دی ہے جبکہ بعض نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ شہر بھی روسی فوجیوں کے کنٹرول میں آگیا ہے۔ روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسکے فوجی بغیر کسی مزاحمت کے شمالی یوکرین کے شہروں سومی اور کانتوپ میں داخل ہو گئے ہیں۔ اسی طرح روسی فوجیوں نے جنوبی یوکرین میں شہر ملیتوپول کو مکمل طور پر اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس شہر کو روسی فوجیوں کو شہر کو اپنے کنٹرول میں لینے کے لئے کہیں بھی فائرنگ کرنے کی ضرورت نہیں پڑی ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق روس کے میرین فوجی یوکرین کے آزوفسکی نامی علاقے میں داخل ہوئے اور پھر ملیتوپول کی طرف پیش قدمی شروع کر دی اور اس شہر کو بغیر کسی مزاحمت کے اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوجی جب اس شہر میں داخل ہوئے تو شہر کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ہاتھ ہلا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور روسی فوجیوں کا استقبال کیا جبکہ بعض لوگوں نے سابق سویت یونین اور روسی پرچم بھی لہرائے۔