روسی صدر نے جوہری فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا
ماسکو(صداۓ روس)
روسی صدر نے جوہری فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے. روس کے صدر نے وضاحت کی ہے کہ یہ اقدام نیٹو کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ’اشتعال انگیز‘ بیان بازی کے جواب میں کیا گیا ہے۔ صدر ولادیمیر پوتن نے اتوار کے روز ملک کی اسٹریٹجک نیوکلیئر ڈیٹرنس فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا. روسی صدر نے اس فیصلے کا اعلان روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور چیف آف اسٹاف ویلری گیراسیموف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
روسی صدر نے کہا کہ مغربی ممالک نہ صرف اقتصادی میدان میں ہمارے ملک کے خلاف غیر دوستانہ اقدامات کر رہے ہیں بکہ اب بیان بازی بھی کی جارہی ہے۔ پوتن کا کہنا تھا کہ میں روس کے خلاف مغرب کی ان ناجائز پابندیوں کے بارے میں بات کر رہا ہوں جن سے ہر کوئی واقف ہے۔ تاہم نیٹو کے سرکردہ ممالک کے اعلیٰ حکام بھی اب ہمارے ملک کے خلاف جارحانہ بیانات دے رہے ہیں.