نیونازی اوڈیسا کے شمال مغرب میں ڈیم کو اڑانا چاہتے ہیں، روسی وزارت دفاع
ماسکو(صداۓ روس)
روس کے نیشنل ڈیفنس مینجمنٹ سنٹر کے چیف کرنل جنرل میخائل میزنتسیف نے کہا کہ یوکرین کے شہر اوڈیسا کے شمال مغرب میں واقع خدجیبے ڈیم کے ارد گرد بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں اور نو نازی اسے اڑانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیسا کے گورنر کے حکم سے، خادجیبے ڈیم میں بارودی سرنگیں نصب کر دی گئی ہیں، جنہیں نیو نازیوں نے اڑانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ایک بار جب ان کے مجرمانہ اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، تو گنجان آباد علاقے، مقامی باشندوں کے ساتھ، سیلاب کی زد میں آ جائیں گے. کرنل جنرل کے مطابق، یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے ایک اہلکار کی جانب سے اس پاگل فیصلے کو روکنے کی کوشش کو بے دردی اور سفاکانہ طریقے سے دبایا گیا، جس میں فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے پھانسی کی دھمکیاں بھی شامل تھیں۔ میزنتسیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کیف کے حکام بڑے پیمانے پر اپنے لوگوں کے لئے بے حسی رکھتے ہیں ور اپنے مغربی ہینڈلرز کے جیو پولیٹیکل اہداف کو عملی جامہ پہنانے کے لیے معصوم لوگوں کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوکرین کے دو وزرا سے ملاقات کی جو روسی حملوں کے آغاز کے بعد کیف کے عہدیداروں سے ان کی پہلی ملاقات ہے۔ خبرایجنسی اے یف پی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے وزیرخارجہ دیمتروکولیبا اور وزیردفاع اولیکسی ریزنیکوف نے یوکرین سے باہر غیرمعمولی سفر کیا اور پولینڈ پہنچے. امریکی صدر اور یوکرینی وزرا کے درمیان ملاقات وارسا کے میریٹ ہوٹل میں ہوئی جہاں تنازع کے آغاز کے بعد یوکرین سے مہاجرین کی آمد مسلسل جاری ہے۔