ہومانٹرنیشنلدورہ پولینڈ وقت کی ضرورت ہے، جاپانی وزیر انصاف

دورہ پولینڈ وقت کی ضرورت ہے، جاپانی وزیر انصاف

دورہ پولینڈ وقت کی ضرورت ہے، جاپانی وزیر انصاف

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپانی وزیر انصاف کا کہنا ہے کہ دورہ پولینڈ وقت کی ضرورت ہے. جاپان کے وزیر انصاف فُورُوکاوا یوشی ہیسا نے پولینڈ کے منصوبہ شدہ دورے کو یوکرین سے انخلا کرنے والوں کو درکار اعانت کا درست اندازہ لگانے کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ فُورُوکاوا نے وزیراعظم کِشیدا فُومیو کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے پولینڈ کا دورہ کرنے کے منصوبے کے بارے میں نامہ نگاروں سے گفتگو کی۔ اس سے قبل کِشیدا نے کہا تھا کہ وہ یوکرین چھوڑنے والے پناہ گزینوں کی زیادہ تعداد کو جاپان آنے کی اجازت دینے کے سلسلے میں وزیر انصاف کو پولینڈ بھجوانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فُورُوکاوا نے کہا کہ جاپان میں یوکرین کے مہاجرین کی رہائش اور کھانے پینے کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دینے کے لیے حکومت 43 لاکھ ڈالر کے قریب رقم خرچ کرے گی۔ انہوں نے یہ ارادہ بھی ظاہر کیا کہ پولینڈ میں جاپان کے سفارت خانے کی اعانت کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت امیگریشن حکام کو سفارت خانے کے لیے روانہ کرے گی۔ یاد رہے کہ پولینڈ نے یوکرین سے انخلا کرنے والے پناہ گزینوں کی سب سے بڑی تعداد کو پناہ فراہم کی ہے۔

دوسری جانب یوکرین میں روس کے جاری آپریشن کے دوران اب تک 38 لاکھ افراد یوکرین چھوڑ چکے ہیں. یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے اب تک 38 لاکھ سے زائد افراد یوکرین چھوڑ چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزین ایجنسی کے مطابق یوکرین چھوڑنے والے 22 لاکھ افراد پڑوسی ملک پولینڈ، 5 لاکھ سے زیادہ افراد رومانیہ اور تقریباً 3 لاکھ افراد روس چلے گئے ہیں۔ پولینڈ جہاں سب سے زیادہ یوکرینی مہاجرین پناہ گزین موجود ہیں وہاں اس بحران کے شروع ہونے سے قبل ہی 15 لاکھ یوکرینی موجود تھے۔ فروری کے آخری ہفتے شروع ہونے والی اس جنگ کے باعث یوکرین چھوڑنے والوں میں 90 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اتوار کو جاری کیے گئے ان اعداد و شمار کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اب ملک چھوڑ کر جانے والوں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے۔ یاد رہے کہ یہ یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد سے سب سے بڑا مہاجرین کا بحران ہے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل