ہومتازہ ترینمِس یونیورس نے بھارت میں حجاب پہننے کی حمایت کردی

مِس یونیورس نے بھارت میں حجاب پہننے کی حمایت کردی

مِس یونیورس نے بھارت میں حجاب پہننے کی حمایت کردی

دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک)
مِس یونیورس نے بھارت میں حجاب پہننے کی حمایت کردی ہے. بھارت سے تعلق رکھنے والے مِس یونیورس ہرناز کور سندھو نے حجاب کو ذاتی معاملہ اور پسند قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‘اگر کوئی لڑکی حجاب پہنتی ہے تو یہ اس کی مرضی ہے۔’ نیوز ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ہرناز کور نے کہا کہ ’اگر کوئی لڑکی کسی کے دباؤ میں آکر ایسا کرتی ہے تو اسے اس کا کھل کر اظہار کرنا چاہیے۔‘ ان کا کہنا تھا ‘اسے جینے دو جس طرح وہ جینا چاہتی ہے۔ ہم مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے۔’ بعض مسلم طالبات کے حجاب پہننے کی حمایت میں ہرناز کور کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب انڈیا کی ریاست کرناٹک نے تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اس پابندی کے خلاف ایک مقدمہ اس وقت انڈیا کی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے. اس سے پہلے حکومت کرناٹک کے اس متنازعہ فیصلے کو چند مسلم طالبات نے ریاستی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم عدالت نے پابندی کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ اس عالمی مقابلے کے آخری راؤنڈ میں ہرناز کور سے پوچھا گیا تھا کہ وہ ان نوجوان خواتین کو کیا مشورہ دیں گی جو آج کے دور میں دباؤ کا سامنا کر رہی ہیں؟ ہرناز کور سندھو کا جواب تھا کہ ‘آج کے نوجوانوں پر سب سے بڑا دباؤ خود اعتمادی کی کمی ہے۔ یہ جاننا کہ آپ منفرد ہیں آپ کو خوبصورت بناتا ہے۔ دوسروں سے اور جو کچھ دنیا میں ہو رہا ہے اس سے اپنا موازنہ کرنا چھوڑ دیں۔ ‘آپ کے ساتھ جو ہوا ہے اس کے بارے میں بات کریں، باہر نکلیں، اپنے لیے آواز اٹھائیں کیونکہ اپنی زندگی کے مالک آپ ہیں۔ آپ اپنی آواز بن جائیں۔ ‘مجھے خود پر اعتماد ہے اسی لیے آج میں اس مقام پر کھڑی ہوں۔’ ہرناز کور سندھو کا یہ جواب سننے کے بعد مقابلے کے ججوں نے انہیں فاتح قرار دیا تھا۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل