مہلت کا آخری روز، ادائیگی صرف روبل میں ورنہ گیس بند کردی جائے گی، روسی صدر
ماسکو(صداۓ روس)
روس کی جانب سے یورپ کی دی گئی مہلت کا آج آخری روز ہے جس کے بعد ادائیگی صرف روبل میں ہوگی ورنہ گیس بند کردی جائے گی. روس کی جانب سے اس کی گیس استعمال کرنے والے یورپی ملکوں کو روبلز میں ادائیگی کا پابند بنانے کی مہلت آج جمعے کو ختم ہو گئی ہے جبکہ مذاکرات کی بحالی کے باوجود یوکرین میں جنگ جاری ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے سینیئر عہدیدار نیکولائی کوبرینائٹس نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو روس پر عائد کی جانے والی پابندیوں کا جواب دیا جائے گا۔ نیکولائی کوبرینائٹس نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’یورپی یونین کے اقدامات کا جواب دیا جائے۔ برسلز کی جانب سے غیرذمہ دارانہ طور سے عائد ہونے پابندیاں عام یورپیوں کی زندگی پر اثرانداز ہو رہی ہے۔‘ روسی صدر ولادی میرپوتن نے جمعرات کو ایک فرمان پر دست خط کیے ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ روسی گیس کے غیرملکی خریداروں کو یکم اپریل سے صرف روبل میں ادائی کرنا ہوگی اور اگر روبل میں گیس کی قیمت ادا نہیں کی جاتی تو معاہدے معطل کردیے جائیں گے۔
صدرپوتن نے ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا ہے کہ روس سے قدرتی گیس کے خریداروں کواب روسی بینکوں میں روبل کرنسی میں اپنے کھاتے کھولنا ہوں گے۔ان اکاؤنٹس ہی سے کل سے گیس کی ترسیل کے لیے رقوم ادا کی جائیں گی. انھوں نے خبردار کیا کہ ’’اگراس طرح گیس کی خریداری کی مد میں رقوم کی ادائی نہیں کی جاتی تو ہم اسے خریداروں کا دِوالا نکلنا (ڈیفالٹ) سمجھیں گے جس کے تمام نتائج وعواقب برآمد ہوں گے۔ کوئی بھی ہمیں مفت میں کچھ فروخت نہیں کرتا اورہم بھی خیرات نہیں کریں گے یعنی موجودہ معاہدوں کو روک دیا جائے گا‘‘۔ صدرپوتن کے گیس کی خریداری پرروبل میں ادائی کے فیصلے کے اعلان سے روسی کرنسی کو تقویت ملی ہے جو اس وقت تاریخ میں نچلی سطح پرآ گئی تھی کیونکہ مغرب نے 24 فروری کو روس کے خلاف یوکرین میں فوج داخل کرنے کے ردعمل میں وسیع پیمانے پرپابندیاں عاید کی ہیں اور ان کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔