روس نے یوکرینی بندرگاہوں میں پھنسے غیر ملکی بحری جہازوں کو محفوظ راہداری دیدی
ماسکو(صداۓ روس)
روسی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ روس نے یوکرینی بندرگاہوں میں پھنسے غیر ملکی بحری جہازوں کو محفوظ راہداری دیدی ہے. روسی جنرل کے مطابق روس ہر روز غیر ملکی بحری جہازوں کے لیے یوکرین کے علاقائی پانیوں سے نکلنے کے لیے ایک محفوظ راہداری کھولتا ہے. جبکہ اس وقت یوکرینی بندرگاہوں میں 68 بحری جہاز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 08:00 سے شام 19:00 بجے تک روس ایک محفوظ راہداری کھولتا ہے، جس کی لمبائی 80 سمندری میل اور چوڑائی تین سمندری میل ہے، تاکہ ان جہازوں کو یوکرین کے علاقائی پانیوں سے جنوب مغربی سمت سے باہر نکلنے کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جا سکے. ان کے مطابق ان بحری جہازوں کے عملے نے ریڈیو گفتگو کے دوران بتایا کہ یوکرین کی بندرگاہوں سے کسی بھی غیر ملکی بحری جہاز کا نکلنا یوکرین کے حکام کی جانب سے فوری طور پر تباہ کرنے کے خطرے کے تحت ممنوع ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف کے مطابق ان بحری جہازوں کے عملے نے بتایا کہ یوکرین کی بندرگاہوں سے کسی بھی غیر ملکی بحری جہاز کے نکلنے پر یوکرینی حکام کی جانب سے پابندی عائد ہے۔ جبکہ روس نے یوکرینی پانیوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد وہاں پھنسے غیر ملکی بحری جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لئے اس طویل سمندری راہداری کا قیام عمل میں لیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر مقررہ وقت کے مطابق کھولی جاتی ہے جس سے یوکرینی بندرگاہوں میں پھنسے غیر ملکی بحری جہاز واپس نکل سکتے ہیں.