ہونڈا کا 8 سال میں 20 لاکھ سے زائد برقی گاڑیاں بنانے کا اعلان
ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جاپان کی معروف کار ساز کمپنی ہونڈا نے 8 سال میں 20 لاکھ سے زائد برقی گاڑیاں بنانے کا اعلان کیا ہے. اطلاعات کے مطابق ہونڈا موٹر نے کہا ہے کہ وہ ایسے منصوبوں کے ساتھ اپنی برقی گاڑیوں کی اقسام اور پیداوار کو وسعت دے گی کہ 2030ء تک ہر سال دنیا بھر میں 20 لاکھ برقی گاڑیاں تیار کی جائیں۔ اس جاپانی گاڑی ساز کمپنی کے حکام نے کہا ہے کہ بالآخر وہ 30 ماڈل پیش کریں گے، اور یہ کہ ای وی، یعنی برقی گاڑیوں کی پیداوار کمپنی کی سالانہ پیداوار کا تقریباً نصف ہو گی۔ گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونڈا کی لائنز پر تمام اقسام کی 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی گئیں تھیں۔
اس کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی ساز کمپنی 2024ء میں تجارتی استعمال کیلئے ایک مِنی نمونے کو متعارف کروا کر اپنی نئی ای وی حکمتِ عملی میں پہلا قدم اٹھائے گی۔ اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ ین کے درمیان، یا لگ بھگ 8 سے 16 ہزار ڈالر ہوگی۔ یہ حکمتِ عملی 2024ء کے موسمِ بہار میں تمام سالڈ اسٹیٹ بیٹریوں کیلئے ایک نمائشی لائن تعمیر کرنے پر بھی زور دیتی ہے۔ توقع ہے کہ اگلی نسل کے جدید ترین آلات برقی گاڑیوں کے درجے کو اُن گاڑیوں کے فاصلے سے کافی بڑھا دیں گے جتنا فاصلہ اس وقت لیتھیم اِیون بیٹریاں استعمال کرنے والی گاڑیاں طے کرتی ہیں۔ یہ گاڑی ساز کمپنی، برقی گاڑیوں سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر اگلے 10 سالوں کے دوران 50 کھرب ین، یا تقریباً 40 ارب ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سے پہلے ہونڈا نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2040ء تک اپنی لائن اَپ میں تمام نمونے کی گاڑیاں برقی یا ہائیڈروجن پاور سے چلنے والی بنانے کی خواہاں ہے۔