کابل کے اسکولوں میں بم دھماکے، درجنوں شہید و زخمی
کابل (انٹرنیشنل ڈیسک)
کابل کے اسکولوں میں بم دھماکے، درجنوں شہید و زخمی ہو گئے ہیں. مغربی کابل میں ہونے والے بم دھماکوں میں درجنوں کم سن طلبہ شہید اور زخمی ہوگئے۔ افغانستان پر طالبان کے تسلط کے باوجود اس ملک کے مختلف شہروں خاص طور سے دارالحکومت کابل میں بم دھماکوں اور دہشت گردانہ حملوں کا مشاہدہ کیا جارہا ہے. تازہ دھماکے ، دارالحکومت کابل کے علاقے قلعہ نو اور دشت برچی میں واقع دو تعلیمی اداروں میں ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق پہلا دھماکہ صبح ساڑھے نو بجے قلعہ نو میں ممتاز نامی اسکول کے باہر ہوا جبکہ اس کے تھوڑی دیر کے بعد دشت برچی میں واقع عبدالرحیم شہید اسکول میں یکے بعد دیگر دو دھماکے ہوئے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔ عبدالرحیم شہید اسکول کے ایک طالبعلم نے بتایا ہے کہ اس نے کئی مسلح حملہ آوروں کو اسکول کی عمارت میں داخل ہوتے دیکھا ہے۔ تازہ ترین خبروں میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں کم سے کم ستائیس اسکولی بچے شہید اور بیس کے قریب زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس سے پہلے کابل کے شیعہ آبادی والے علاقوں پر حملوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش قبول کرچکا ہے۔