برطانیہ کو اسی زبان میں پابندیوں کا جواب دیں گے، روس کا سخت ردعمل
ماسکو(صداۓ روس)
روس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو اسی زبان میں پابندیوں کا جواب دیں گے. روس نے برطانیہ کے 287 ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، برطانوی حکومت کی طرف سے 11 مارچ کو روسی پارلیمان کے 386 ارکان پر پابندی عائد کیے جانے کے رد عمل میں 287 برطانوی ارکان پارلیمان پر جوابی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
روس نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ پر غیر ضروری روس مخالف جذبات کو بھڑکانے کا الزام بھی لگایا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل یوکرین میں تنازعہ کے تعلق سے سویڈن کی جانب سے تین روسی سفارت کاروں کو نکالے جانےکے بعد روسی حکام نے سویڈن کے تین سفارت کاروں کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا۔
روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ماسکو میں سویڈن کے سفیر کو طلب کیا گیا اورسویڈن کے ذریعہ روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے اقدام کے خلاف “سخت احتجاج” درج کرایا گیا۔ واضح رہے کہ یوکرین کے خلاف روس کے فوجی آپریشن میں امریکہ اور یورپی ممالک کی مداخلت کے بعد حالات سنگین ہو گئے اور روس نے واضح کیا کہ اگر مداخلتوں کا سلسلہ جاری رہا تو آگ کے شعلے بہت دور تک جا سکتے ہیں۔