اسپین میں بچوں کے لیے مٹھائیوں کے اشتہارات پرپابندی عائد
بارسلونا (انٹرنیشنل ڈیسک)
اسپین میں بچوں کے لیے مٹھائیوں کے اشتہارات پر بھی پابندی کردی گئی. اسپین کی موجودہ حکومت میں صارفین کے امور کے وزیر آلبیرٹو گارسیون نے بچوں کے کھلونوں کی مارکیٹنگ کے شعبے میں جنس کی بنیاد پر ترتیب دی گئی تجارتی اور تشہیری ترجیحات کے خلاف اپنی مہم گزشتہ برس شروع کی تھی، جو اب کامیاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے ماضی میں بچوں کے لیے میٹھی اشیائے خوراک کی تشہیر پر بھی یہ کہہ کر پابندی لگا دی تھی کہ ایسے اشتہارات بچوں کی صحت کے منافی ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہسپانوی عوام سے یہ مطالبہ بھی کر دیا تھا کہ انہیں گوشت کم کھانا چاہیے۔ اپنے ایسے ہی اقدامات کی وجہ سے وہ ذرائع ابلاغ میں سرخیوں کا موضوع بھی بنتے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ہسپانوی حکومت نے بچوں کے کھلونے تیار کرنے والے ملکی اداروں کے ساتھ ایک ایسا نیا اور بہت منفرد معاہدہ کر لیا ہے، جس کا مقصد کھلونوں کے اشتہارات تک میں روایتی صنفی تفریق اور نفسیاتی رجحان کا خاتمہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد اسپین میں پیداواری اور تجارتی اداروں کی طرف سے اپنی مصنوعات کی فروخت کے لیے ممکنہ خریداروں کو مدنظر رکھتے ہوئے جینڈر سٹیریوٹائپس کو استعمال کرنے کی سوچ کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ میڈرڈ حکومت اور کھلونوں کے تیار کنندہ ہسپانوی اداروں کے مابین اتفاق رائے سے طے پانے والے کوڈ آف کنڈکٹ میں اب خاص طور پر اشتہارات کے شعبے میں ایسی روایتی صنفی تخصیص کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔