امریکی بحری جہاز کی آبنائے تائیوان میں گشت، چین کی امریکا کو دھمکی
بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی بحری جہاز کی آبنائے تائیوان میں گشت کے بعد چین نے امریکا کو دھمکی دی ہے. چین کی وزارت دفاع نے آبنائے تائیوان سے امریکی بحری جہاز کے عبور کرنے جیسے اقدامات پر ایک بار پھر امریکہ کو سخت خبردار کیا ہے۔ پارس ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق چین کے فوجی ہیڈکوارٹر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے اس قسم کے اقدامات پر چین کی گہری نظر ہے اور اس سلسلے میں امریکہ کو بارہا متنبہ کیا گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام غلط اشارے دیتا ہے جو اس بات کو بھی ثابت کرتا ہے کہ امریکہ تائیوان کے اعلان آزادی کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ کا اس طرح کا اقدام علاقے میں کشیدگی و اختلافات کو ہوا دے سکتا ہے۔
چینی فوج کے ہیڈکوارٹر نے اعلان کیا ہے کہ چینی فوج علاقے میں ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتی ہے اور چین اپنی ارضی سالمیت کے دفاع میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گا۔ چین کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر امریکی جنگی بحری جہاز دوسری بار آبنائے تائیوان سے گذرا ہے جس پر شدید احتجاج بھی کیا گیا ہے۔