روس اور سابقہ سوویت ریاستوں کے فوجی اتحاد کا خطرات سے نمٹنے پراتفاق
ماسکو: اشتیاق ہمدانی
روس اور سابقہ سوویت ریاستوں کی سلامتی کے معاہدے CSTO کے رکن ممالک کے سربراہان نے روسی دارالحکومت ماسکو میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں کچھ کثیر الجہتی دستاویزات پر دستخط کیے۔ ان میں معاہدے کی 30 ویں سالگرہ اور تنظیم کی 20 ویں سالگرہ کے اعزاز میں اجتماعی سلامتی کونسل کا ایک بیان شامل تھا۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ اس سے قبل دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ، ایک مشترکہ بیان پر دستخط کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جو قازقستان میں قیام امن کے آپریشن کے دوران حاصل ہونے والے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے، CSTO ممالک کے لئے آئندہ مختلف شعبوں میں شراکت داروں کے طور پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کی تصدیق کرے گا۔ اس معاہدے سے رکن ممالک کو فوجی اور دفاعی ترقی کے شعبوں اور بین الاقوامی سطح پر مربوط کارروائی کرنے میں مدد ملے گی.
اس ملاقات میں روسی صدر پوتن، آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشینیان، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، قازقستان کے صدر کسیم جومارٹ توکایف، کرغزستان کے صدر صدیر جاپاروف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے شرکت کی۔ CSTO ایک بین الاقوامی سیکورٹی تنظیم ہے جس میں چھ رکن ممالک روس، آرمینیا، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان اور تاجکستان۔ شامل ہیں. اس اجتماعی سلامتی کے معاہدے پر 15 مئی 1992 کو تاشقند میں دستخط ہوئے تھے۔ اجتماعی سلامتی کونسل CSTO کا اعلیٰ ادارہ ہے۔ اس میں ان ریاستوں کے سربراہان شامل ہیں جو تنظیم کے رکن ہیں۔