بھارت میں تین ہاتھی ٹرین کی ٹکر سے ہلاک
دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت میں تین ہاتھی ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہو گئے ہیں. بھارتی ریاست اُڑیسہ میں تین ہاتھی ایک ٹرین کے نیچے آکر ہلاک ہوگئے ہیں۔ بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ہلاک ہونے والے تین ہاتھیوں میں سے دو بچے تھے۔
تقریباً 20 ہاتھیوں کا جُھنڈ جودا کے جنگل سے گزر رہا تھا اور صبح سویرے ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے وہ ٹرین سے ٹکرا گئے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے مطابق ہاتھی کا ایک بچہ موقعے پر ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک ہتھنی اور دوسرا بچہ اگلے روز ہلاک ہوگئے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق اس حادثے کے بعد ہاتھیوں کے جھنڈ نے اہلکاروں کو ریسکیو آپریشن نہیں کرنے دیا۔
’محکمہ جنگلات پورا دن ہاتھیوں کے اس جھنڈ کی نگرانی کرتا رہا۔ ریلوے حکام کو بھی ہاتھیوں کی موجودگی کے حوالے سے بتا دیا گیا تھا اور اس علاقے میں ٹرین کی سپیڈ 25 کلومیٹر مقرر کی گئی تھی۔ حادثہ اندھیرے کی وجہ سے ہوا۔‘
سماجی کارکنوں نے اس علاقے میں مسلسل ہاتھیوں کی مختلف حادثوں میں اموات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں 11 ہاتھی ٹرین کے نیچے آ کر، چار سڑک حادثے میں، جبکہ 13 کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئے۔