بھارتی وفد کی طالبان سے ملاقات، کابل میں بھارتی سفارت خانہ دوبارہ کھلےگا
کابل (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت کا کابل میں بند سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے. بھارت کے اعلٰی سطحی وفد نے چند روز قبل افغانستان میں طالبان حکومت کے اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں کہ بھارت بہت جلد کابل میں اپنا بند سفارت خانہ دوبارہ کھولنے والا ہے۔ بھارت یا افغانستان میں طالبان حکومت نے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم حالیہ رابطوں کو فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارت نے گزشتہ برس اگست میں افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد اپنا سفارتی مشن بند کر دیا تھا۔ بھارت نے کابل میں اپنے سفارت خانے کے علاوہ افغانستان کے مختلف شہروں میں موجود اپنے قونصل خانے بھی بند کر دیے تھے۔
بھارت اور افغان طالبان کے تعلقات میں سردمہری کی تاریخ رہی ہے اور بھارت کے افغان طالبان سے زیادہ اُن کے حریف شمالی اتحاد کے ساتھ مضبوط روابط رہے ہیں۔ افغانستان میں اشرف غنی حکومت اور اس سے قبل حامد کرزئی کی انتظامیہ کے ساتھ بھی بھارت کے بہترین روابط رہے ہیں۔