جرمنی میں سترہ فیصد افراد غربت کا شکار
برلن (انٹرنیشنل)
جرمنی میں سترہ فیصد افراد غربت کا شکار ہو چکے ہیں. جرمنی میں گزشتہ برس تقریباﹰ سترہ فیصد باشندے غربت کا شکار تھے، جو ملک میں غربت کی شرح کا نیا ریکارڈ ہے۔ تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق پچھلے سال ملک کے تقریباﹰ چودہ ملین باشندوں کو غربت کا سامنا رہا۔ غربت کے خاتمے کی خاطر کام کرنے والی غیر سرکاری جرمن تنظیم Deutscher Paritaetischer Wohlfahrtsverband (DPW) کی طرف سے رواں سال کے لیے جاری کردہ ملک میں غربت سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2021ء میں دنیا کے امیر ترین اور صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونے والے جرمنی میں 16.6 فیصد یا تقریباﹰ 13.8 ملین باشندے ایسے تھے، جو غربت کی زندگی گزار رہے تھے۔
گزشتہ برس ریکارڈ کی گئی یہ تعداد جرمنی میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے پہلے کے عرصے میں غریب شہریوں کی تعداد کے مقابلے میں چھ لاکھ زیادہ تھی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران ملک میں مزید چھ لاکھ باشندے غربت کا شکار ہو گئے۔ انتیس جون کے روز وفاقی دارالحکومت برلن میں جاری کردہ اس رپورٹ میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وبا کے اثرات، روس کے یوکرین میں آپریشن کے بعد اقتصادی نتائج اور ملک میں افراط زر کی بہت زیادہ ہو چکی شرح کو بھی مد نظر رکھا جائے تو غالب امکان یہ ہے کہ جرمنی میں غربت کی زندگی بسر کرنے والے باشندوں کی تعداد میں اس سال مزید اضافہ ہو گا۔