امریکہ میں ہتھیاروں کی تعداد شہریوں سے زیادہ ، امریکی نائب صدر
واشنگٹن (انٹرنیشنل)
امریکی نائب صدر نے اعتراف کیا ہے کہ امریکہ میں ہتھیاروں کی تعداد اس ملک کی آبادی سے کہیں زیادہ ہے. امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں بننے والے ہتھیاروں کی تعداد گذشتہ بیس سال میں تین گنا بڑھی ہے جس کا نشانہ سب سے زیادہ سیاہ فام امریکی شہری بن رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس وقت ہتھیاروں کی تعداد امریکی شہریوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے ۔ امریکی نائب صدر نے تشویش ظاہر کی کہ افریقی نژاد امریکیوں کی تعداد اس ملک کی، کل آبادی کی تیرہ فیصد ہے لیکن گن کلچر کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں میں سیاہ فام باشندوں کی شرح باسٹھ فیصد قرار دی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں اسلحے سے ہلاکتوں کے سلسلے میں جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ ایک سال کے دوران امریکہ کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے، فائرنگ کے واقعات میں انیس ہزار سے زیادہ عام شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سینتیس ہزار سے زیادہ امریکی زخمی ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت امریکہ میں تیس کروڑ سے زیادہ ہتھیار عام شہریوں کے پاس موجود ہیں۔