ہومپاکستانکراچی پولیس نے بلدیاتی الیکشن کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل...

کراچی پولیس نے بلدیاتی الیکشن کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلدیاتی الیکشن کی صورتحال سے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ 40 ہزار سے زائد اہلکار بلدیاتی الیکشن میں ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے جس میں بڑا حصہ کراچی پولیس کا ہے جبکہ دیگر اضلاع سے بھی نفری منگوائی ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ 48 ہزار پولیس اہلکار اور 5 ہزار افراد دیگر اداروں سے سکیورٹی کے لیے لیے جائیں گے، ایک ہزار سے زائد پولیس موبائل بھی الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گی، فری اینڈ فیئر الیکشن منعقد کروانے کی پوری کوشش کریں گے۔

جاویدعالم اوڈھو نے مزید کہا کہ الیکشن کے دوران شہر کی ہر گلی میں پولیس نظر آئے گی، امید سے کہہ سکتا ہوں کہ الیکشن کا دن پر امن طریقے سے گزرےگا، کوئیک رسپانس فورس کے بھی 5 ہزار سے زائد اہلکار الیکشن ڈے والے روز ڈیوٹی دیں گے جبکہ اینٹی رائٹ فورس بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے موجود ہوگی، اس کے علاوہ ریکروٹمنٹ کے مرحلے کےجوانوں اور اسکاؤٹس کے علاوہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات بھی حاصل کر رہے ہیں۔

جاویدعالم کا کہنا تھا کہ 4 ہزار 996 پولنگ اسٹیشنز ہیں جس میں سے کوئی بھی نارمل نہیں ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ایک ہزار 246 ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 3 ہزار 750 ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ کورنگی میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران صرف 3 پولنگ اسٹیشنز میں معاملہ خراب ہوا تھا اس لیے ضمنی الیکشن کو کامیاب الیکشن کہوں گا، الیکشن کمیشن نے بھی پولیس اقدامات کی تعریف کی تھی، سیاسی ورکرز کی موجودگی کے باعث بھی انتظامات متاثر ہوتے ہیں۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل