پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی متنازع تھا اب اور ہوگیا، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اور این اے 245 کا انتخاب ملتوی ہونا پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کی شکست کی نشانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمیروں کا سوداگر پنجاب میں منڈی سجا کر سندھ میں انتخابات سے بھاگ رہا ہے، ٹھپہ مافیا آج پھر راہ فرار اختیار کر چکا۔
خرم شیرزمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکام رہا، الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے قبل ازوقت دھاندلی کی۔
یاد رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو پولنگ ہونا تھی لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو ہوگا۔