22 جولائی 2022 سے قبل دنیا کے دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر پہنچنے والوں کی فہرست میں پاکستانیوں کے نام تو تھے لیکن ان میں کسی خاتون کا نام نہیں تھا تاہم جمعے کو ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ایک ہی دن میں اس پہاڑ کو سر کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔
ثمینہ بیگ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں جبکہ ان کے اس کارنامے کے کچھ دیر بعد نائلہ کیانی یہ چوٹی سر کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون تھیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق ثمینہ بیگ جمعے کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے جبکہ نائلہ کیانی ان سے چند گھنٹے بعد دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کی چوٹی پر پہنچیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری کرار حیدری کے مطابق ثمینہ بیگ نے یہ اعزاز اپنی چھ رکنی ٹیم کے ساتھ حاصل کیا جبکہ نائلہ کیانی نے اپنے ساتھیون سرباز خان اور سہیل سخی کے ہمراہ کے ٹو کی چوٹی پر پہنچیں۔
یاد رہے کہ ثمینہ بیگ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی ہیں۔
ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے گذشتہ دنوں کے ٹو سر کرنے کی اپنی اپنی مہم کا آغاز کیا تھا اور یہ دونوں کوہ پیما اس مہم جوئی کے لیے کافی عرصے سے تیاری کر رہی تھیں اور انھیں اس مہم کے دوران خراب موسم کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان میں رواں برس مہم جوئی کی سیاحت کے سیزن کو ’تاریخی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومت نے رواں برس تقریباً چھ سو کوہ پیماؤں کے گروپس کو مہم جوئی کے لائسنس جاری کیے ہیں۔ دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کے علاوہ پاکستان کے مہم جو نئے ریکارڈ قائم کرنے اور پرانے ریکارڈ توڑنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔