پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے امریکی سفارت خانے پر پارٹی رہنماؤں اور صحافیوں کے فون ٹیپ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ پی ٹی آئی اور صحافیوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہے، جمعرات کی شام ایک کلیدی انگریزی روزنامے سے منسلک سینئر صحافی نے فون پر میرے ساتھ مراسلے پر بات کی، بظاہر وہ شاہ محمود قریشی سے بھی بات کر چکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعے کی صبح امریکی سفارت خانے سے لئیق نامی اہلکار نے اس صحافی کو فون کر کے پوچھا کہ کیا وہ مراسلے پر کوئی خبر چھاپ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اس معاملے پر فون پر ہم سے بات کی تھی، اب امریکی سفارت خانہ صحافیوں یا ہمارے فونز بھی سن رہا ہے۔