ہومپاکستانوزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، سپریم کورٹ میں سیاسی رہنماؤں کے داخلے اور...

وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، سپریم کورٹ میں سیاسی رہنماؤں کے داخلے اور ریڈزون میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد

وزیراعلیٰ پنجاب کے کیس سے متعلق سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں تمام سیاسی رہنماؤں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس نے ریڈ زون کےلیے سخت حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف کیس کی سماعت کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کمرہ عدالت نمبر ایک کے باہر پولیس کی نفری تعینات ہے جب کہ میڈیا سے رجسٹرڈ بیٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کمرہ عدالت نمبر ایک میں صرف کیس کے فریقین داخل ہوسکیں گے۔

سپریم کورٹ کے روم نمبر 6 اور 7 میں اسپیکرز کے ذریعے عدالتی کارروائی سنی جاسکےگی۔

اس کے علاوہ سماعت کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور نمٹنے کیلئے کیپٹل پولیس نے ریڈ زون کےلیے سخت حفاظتی اقدامات اٹھالیے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کے داخلے کے لئے ایکسپریس چوک بند ہوگا، ریڈ زون میں سرکاری، میڈیا اور ممبران اسمبلی کی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں جب کہ ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے شہریوں کو سکیورٹی ڈویژن سے تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل