ہومپاکستانپاکستان کا پہلی بین الاقوامی میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 کے...

پاکستان کا پہلی بین الاقوامی میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2023 کے انعقاد کا اعلان

اسلام آباد۔ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کے پریمیئر ایڈیشن کا سافٹ لانچ اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ PIMEC کا انعقاد 10 سے 12 فروری 2023 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جاۓ گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے PIMEC کے ذریعے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر پاک بحریہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکٹر میں منافع بخش سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور تجارت کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سمندر قوموں کو قریب لاتے ہیں اس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے سمندروں کو ایک محفوظ مقام بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل پر روشنی ڈالی جو ہماری قومی معیشت میں بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔ شپ بریکنگ صنعت کی ترقی، ٹرانس شپمنٹ بندرگاہیں، ماہی گیری کی صنعت، ساحلی سیاحت، واٹر اسپورٹس اور ایکوا کلچر ایسے چند شعبے ہیں جو خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔

مہمانِ خصوصی خواجہ آصف نے بہترین نتائج کے حصول کیلئے میری ٹائم انڈسٹری میں پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بحری شعبے کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرتی رہے گی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے امید ظاہر کی کہ PIMEC کے ذریعے وجود میں آنے والی نئی راہیں پاکستان کو باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے مطلوبہ اہداف میں معاون ثابت ہوں گی۔

قبل ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمانوں کی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ نیول چیف نے امید ظاہر کی کہ PIMEC پاکستان کا صف اول کا ایونٹ ہو گا جسے قومی اور بین الاقوامی میری ٹائم انڈسٹری کی جدید ترین ٹیکنالوجی کی نمائش کیلئے ہر دو سال بعد منعقد کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ کاروباری افراد، علمی اور سائنسی شخصیات، ماہرین اقتصادیات اور اعلیٰ سطح کے فیصلہ سازوں کو بحری امور میں تعاون کے فروغ اور معلومات کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ ایڈمرل نے شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے جوش و ولولے، درست منصوبہ بندی اور تعاون کے ساتھ PIMEC-2023 ہماری قومی معیشت کو تقویت دینے اور بین الاقوامی سطح پر ہمارے وقار کو بلند کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

تقریب میں وفاقی وزراء، سفیروں، عسکری حکام، تعلیمی اداروں، میڈیا اور معاشرے کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل