بھارت کی جانب سے شطرنج اولمپیاڈ کو سیاسی رنگ دینے پر پاکستان نے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر چنائے میں 28 جولائی سے 10 اگست تک 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ کا انعقاد کیا گیا ہے، بھارت کی جانب سے کھیل کو سیاسی رنگ دے دیا گیا ہے، جس پر پاکستان نے بھارت کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن نے بھارتی شہر چنائے میں شطرنج مقابلوں میں مدعو کر رکھا ہے، جس کے لیے پاکستانی دستہ پہلے ہی تربیت کر رہا تھا، مگر افسوس اس بات پر ہے کہ بھارت نے عالمی کھیلوں کے اس ایونٹ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کی ٹارچ ریلے کو مقبوضہ جموں و کشمیر سے گزارا گیا، مشعل کا ریلے 21 جولائی کو سری نگر سے گزرا گیا، تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نظر انداز کر کے بھارت نے عالمی برادری کو دھوکا دیا ہے، بین الاقوامی برادری کسی بھی صورت اسے قبول نہیں کر سکتی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ اس طرح کے اشتعال انگیز اور ناقابل دفاع اقدامات سے وہ ناجائز قبضے کو درست نہیں کر سکتے، احتجاج کے طور پر پاکستان نے 44 ویں شطرنج اولمپیاڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس معاملے کو انٹرنیشنل چیس فیڈریشن کے ساتھ بھی اعلیٰ سطح پر اٹھایا جائے گا، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی زیر قبضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ختم کرانے میں اہم کردار ادا کرے۔