ہومپاکستانعمران خان کا الیکشن کمیشن کے سامنے پرامن احتجاج کا اعلان

عمران خان کا الیکشن کمیشن کے سامنے پرامن احتجاج کا اعلان

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے نیشنل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی کو ایولوشن کے تحت آگے بڑھایا، جس طرح ہماری پارٹی آگے بڑھی اس طرح پاکستان کی کوئی دوسری پارٹی نہیں بڑھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے سامنے دو پارٹیز سکڑتی گئیں، پیپلز پارٹی صرف اندرون سندھ کی اور ن لیگ سینٹرل پنجاب کی جماعت بن کر رہ گئیں، ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے، کوئی پارٹی آگے بڑھ ہی نہیں سکتی جب تک کہ وہ میرٹ پر نہ ہو، میرٹ والی پارٹی میں الیکشن ہوتے ہیں، ہم نے پورا سسٹم ڈویلپ کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے الیکشنز میں جو ہارتا ہے وہ شکست تسلیم نہیں کرتا، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کا منصوبہ ناکام بنانے کی پوری کوشش کی، ای وی ایم آجائے تو دھاندلی کے 130 طریقے ختم ہوجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ نے ایک دوسرے کے خلاف کرپشن کے کیسز بنائے، دس سال انہوں نے مل کر ملک کو لوٹا، انہوں نے ایک منتخب حکومت کو غیر مستحکم کیا، ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ این آر او لینا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت بہت خراب ہے، حکومت کی ساکھ اس قدر گرچکی ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرنے کے لیے آرمی چیف کو امریکا کو فون کرنا پڑرہا ہے، آج آرمی چیف کال کر رہے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف سے سفارش کر کے پیسے دلوائے جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں بجلی گھروں کو چلانے کے لیے پیسے نہیں ہیں، حکمرانوں کی پراپرٹیز اور بچے باہر ہیں اور یہ حکومت پاکستان میں کرنا چاہتے ہیں، اس ملک کی قیادت وہ لوگ کریں جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو کہہ رہے ہیں پیسہ پاکستان لے آئیں اور یہ یہاں سے پیسے باہر بھیج دیتے ہیں، ان چار مہینوں میں ہمارے روپے کی قدر 30 فیصد کم ہوگئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 80 فیصد پاکستان کی آبادی کو اس الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا، ہم جمعرات کو الیکشن کمیشن کے سامنے پرامن احتجاج کریں گے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل