پاکستان تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کر کے داخلی راستوں پر کنٹینرز کھڑے کردیے ہیں۔ مظاہرین یا کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوام سے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے لیے ایف9 پارک میں جمع ہونے کی اپیل کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ پوری ریاستی مشینری اور الیکشن کمیشن کی شرانگیزیوں کے باوجود پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی شکست کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کیخلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش رچائی ہے۔ اب عام انتخابات میں بھی ایسا ہی ہونے سے پوری پی ڈی ایم خوف کا شکار ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج شام 6 بجے الیکشن کمیشن کیخلاف پرامن احتجاج کیلئے ایف نائن پارک میں جمع ہوں، عمران خان اس اجتماع سے شام 7 بجے خطاب کریں گے۔