پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرکے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
20 سالہ کوہ پیما نے 8 ہزار 80 میٹر بلند گیشربرم ون چوٹی سر کرلی جس کے بعد وہ 10 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔
شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنیوالے دوسرے پاکستانی ہیں۔
واضح رہے کہ شہروز کاشف کی نظریں تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما کے ریکارڈ پر ہیں۔ شہروز اس سال شیشاپنگما، چوایو اور داولاگیری بھی سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ اگلے سال مارچ میں اناپورنا سر کرکے ریکارڈ مکمل کر لیں گے۔
شہروز کاشف نے 2019 میں براڈ پیک کو سر کیا تھا جبکہ 2021 میں انہوں نے ایوریسٹ ،کے ٹو اور مناسلو کی چوٹیاں سر کی تھیں۔
اس سال شہروز کاشف کنچنجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت اور گیشربرم ٹو بھی سر کر چکے ہیں جبکہ ان کے ساتھ امتیاز سدپارا اور ساجد علی سدپارا نے بھی گیشربرم ون سر کی۔