جماعت اسلامی نے مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز پر پشاور قصہ خوانی بازار میں ہونے والے مرکزی مظاہرے کے شرکا سے خطاب میں کہا ہے حکومت ہر روز غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالتی ہے۔ 34 یونٹ جلانے والے کو 7 ہزار کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عوام کا جینا اور مرنا دونوں محال ہو گئے ہیں، ناانصافی مزید برداشت نہیں کر سکتے، عوام اسلام آباد جانے کیلیے تیار رہیں، سوات میں حالات بدتر ہیں، وزیراعظم جواب دیں یا پھر مستعفی ہوں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر جمعہ کو مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے 15 اگست کو اسلام آباد میں مظاہرہ اور 17اگست کو لاہور میں لیسکو ہیڈ کوارٹر کا گھیرا کیا جائے گا۔
سراج الحق نے کہا خیبرپختونخوا 20 ارب یونٹ سستی بجلی پیدا کرتا ہے جب کہ 12ارب یونٹ اس کی ضرورت ہے۔ خیبرپختونخوا سے بجلی پیدا ہونے کی فی یونٹ قیمت 87پیسہ ہے جب کہ عوام کو 20روپے فی یونٹ کے حساب سے بل بھیجے جاتے ہیں۔