الیکشن کمیشن نے ادارے کی توہین پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان، پارٹی جنرل سیکرٹری اسد عمر اور فواد چوہدری کو طلب کرلیا۔
ترجمان کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فوادچوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کےنوٹسز جاری کرتے ہوئے 30 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو30 اگست 2022 کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسدعمراورفواد چوہدری کوبھی ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونےکی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر بھجوایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے 12جولائی کو بھکر جلسے میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے اور الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگائے۔
نوٹس کے متن کے مطابق عمران خان نے 18 جولائی کو عوام سے خطاب میں بھی توہین آمیز ریمارکس اور الزامات لگائے، اس کے علاوہ انہوں نے 21 اور 27جولائی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کےخلاف توہین آمیز ریمارکس دیے تھے۔