وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین کو بلز پر24 گھنٹوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی صارفین کے مسائل حل کرنے کے لئے اعلی سطح اجلاس ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کے بجلی کے صارفین کیلئے اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایک کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دئیے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ریلیف کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے اور صارفین کو بجلی کے 200 یونٹ بلز پر24 گھنٹوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے بلز کی تصحیح کیلئے ڈسکوز کا اسٹاف 24 گھنٹےکام کرے۔ بلز کی تصحیح کیلئے تمام اسٹاف کی چھٹیاں ختم کرکے اس کام کو فوری نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے بلز جمع کروانے کیلئے بینکس کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیرِ اعظم نے بجلی کے صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلی سطح کمیٹی قائم کر دی ہے۔