روس میں پولیس افسر کو لات مارنے پر امریکی شہری کو جیل
ماسکو: اشتیاق ہمدانی
مغربی روس کے شہر وورونز کی ایک عدالت نے ایک 28 سالہ امریکی شہری کو قانون نافذ کرنے والے اہلکار کو لات مارنے کے جرم میں چار سال اور چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ روس کی بڑے جرائم کی تحقیقات کرنے والی تحقیقاتی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی شہری جس نے روسی حکام کی طرف سے نافذ کیے گئے قانونی اقدامات کی خلاف ورزی کی، ایک پولیس افسر پر تشدد کیا جو ڈیوٹی پر تھا اور اس دوران پولیس افسر کو کئی بار لاتیں ماریں۔ اس کے وکیل نے ایجنسی کو بتایا کہ امریکی شہری جس کا نام روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رابرٹ گلمین بتایا ہے، فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی شہری کے وکیل ویلری ایوانیکوف نے مزید کہا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے کا بندوبست کرنے کے لیے امریکی حکام سے رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ گلمین کو پولیس نے ٹرین میں نشے کی حالت میں امن عامہ میں خلل ڈالنے کے بعد حراست میں لیا تھا۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری نے ابتدائی طور پر گرفتاری کے بعد قصوروار نہ ہونے کی التجا کی تھی لیکن بعد میں فیصلہ واپس لے لیا۔ یاد رہے رواں سال اپریل میں روس اور امریکہ نے یوکرین کے تنازع پر کشیدگی کے باوجود قیدیوں کا تبادلہ کیا۔ جس کے تحت روس منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں سزا یافتہ روسی پائلٹ کے بدلے روسی جیل میں قید امریکی سابق میرین ٹریور ریڈ کو حوالے کر رہا ہے۔ امریکی میرین ریڈ کو جولائی 2020 میں ایک روسی عدالت نے نشے میں پولیس افسران پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے بعد نو سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ایک اور امریکی شہری، پال وہیلن، جو گاڑیوں کے پرزہ جات بنانے والی کمپنی کا سابق سیکیورٹی اہلکار ہے، جاسوسی کے الزام میں 16 سال تک روس کی جیل میں قید ہے۔