ماسکو (اشتیاق ہمدانی) مرنے کے بعد تو بہت سارے مذاہب میں دفن کیا جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ زندہ دفن ہونا پسند کریں گے؟
ڈریں نہیں بلکہ صرف ایک گھنٹے کے لئے وہ بھی تابوت میں بند کر کے آپ کو دفن کیا جائے گا۔
روس کی ایک کمپنی نے ذہنی پریشان اور ڈپریشن سے نجات کا ایسا خوفناک حل پیش کیا ہے کہ صحت مندی کا یقین بھی ہو تو کوئی علاج کرانے پر تیار نہیں ہو گا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس روسی کمپنی کا نام ’پریکیٹیڈ اکیڈمی‘ ہے جس نے لوگوں کو زندہ دفن کرکے ان کی ڈپریشن اور ذہنی پریشانی سے نجات دلانے کی پیشکش کی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو ایک گھنٹے تک زندہ دفن کرے گی، جس سے یقینی طور پر مریض کی ذہنی پریشانی، ڈپریشن، اضطراب اور خوف جیسے عوارض پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ کمپنی روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں واقع ہے اور علاج کرانے والوں کو وہیں جانا ہو گا۔ کمپنی کے لوگ خواہش مند افراد کو تابوت میں ڈال کر ایک گھنٹے کے لیے زمین میں دفن کریں گے۔
اس طریقہ علاج کو نفسیاتی تھراپی کا نام دیا گیا ہے اور یہ کوئی سستا علاج نہیں ہے۔ کمپنی کسی شخص کو زندہ دفن کرنے کے عوض پاکستانی کرنسی میں 1کروڑ 26لاکھ روپے وصول کرے گی۔ کمپنی کی طرف سے ایک سستا پیکیج بھی دیا گیا ہے اور یہ آن لائن پیکیج ہے۔ جو لوگ سینٹ پیٹرز برگ نہیں جا سکتے، یہ پیکیج ان کے لیے ہے۔ اس میں پیکیج خریدنے والا شخص اپنے جنازے کو آن لائن دیکھ سکے گا۔ اس پیکیج کی قیمت 40لاکھ روپے ہے۔ کمپنی کی بانی کا کہنا ہے کہ لوگوں کی زندہ تدفین کی تکنیک مکمل طور پر محفوظ ہے۔
یہ تو اچھا ہے کہ علاج کے اخراجات بہت زیادہ ہیں ، ورنہ ہر دوسرا بندہ آپ کا فری میں علاج کرواتا۔ لیکن پھر شاید بھول جاتا کہ ایک گھنٹے بعد آپ کو نکالنا بھی ہے۔