ہومتازہ ترینبھارت کو انگلینڈ سے عبرتناک شکست

بھارت کو انگلینڈ سے عبرتناک شکست

بھارت کو انگلینڈ سے عبرتناک شکست

سڈنی (انٹرنیشنل ڈیسک)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اتوار کو فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے۔ 30 سال بعد دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئیں گی۔ آخری بار 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوا تھا۔ انگلینڈ نے 169 رنز کا ہدف ایلکس ہیلز اور جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ کے باعث 16 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔ ایلکس ہیلز 86 اور جوز بٹلر 80 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں اوپنرز کے آگے انڈین بولرز بالکل بے بس نظر آئے۔
جمعرات کو ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر کے انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ انڈیا نے ہاردک پانڈیا کے شاندار 63 اور وراٹ کوہلی کے 50 رنز کی بدولت 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن سے تین اور عادل رشید، کرس ووکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ایک انتہائی اہم میچ میں 169 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز میدان میں اترے تو جوز بٹلر نے بھونیشور کمار کو پہلے اوور میں تین چوکے لگا کر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا۔ بٹلر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ ٹی20 ورلڈکپ کا فائنل انڈیا اور پاکستان کے درمیان نہ ہو۔ اور آج انہوں نے اپنا کہا سچ ثابت کر دیا۔
جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے روہت شرما کے سارے اندازے غلط ثابت کر دیے اور انڈین بولنگ کو ایسا دیوار سے لگایا کہ 16 اوور تک انگلینڈ کا ہی راج رہا۔ انڈین بولرز بالکل بے بس دکھائی دیے۔ کیا فاسٹ بولرز اور کیا سپنرز جو بھی آیا چھکا کھا کر واپس گیا۔ بٹلر اور ہیلز نے ٹی20 ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اوپنگ شراکت قائم کی۔ دونوں نے 96 گیندوں پر 170 رنز بنائے جس میں 13 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ ایلکس ہیلز نے 47 گیندوں پر سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے 49 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل