مشہور سوویت کار برانڈ کی مارکیٹ میں واپسی
ماسکو: صداۓ روس
روس نے ماسکو میں فرانسیسی کار ساز ادارے رینالٹ کی جانب سسے چھوڑے گئے پلانٹ میں مشہور سوویت دور کے کار برانڈ، موسکویچ کے جدید ترین ورژن کی پروڈکشن دوبارہ شروع کر دی ہے۔ یہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے میں پہلی بار ہے کہ اس سوویت کار برانڈ کو موسکویچ ماسکو آٹوموبائل پلانٹ میں تیار کیا گیا ہے۔ نئے پارٹنر، کاماز کے ساتھ، مینوفیکچرر نے سالانہ 100,000 گاڑیاں تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جن میں الیکٹرک کاریں بھی شامل ہیں۔ توقع ہے کہ پہلی 600 کاریں دسمبر میں پروڈکشن لائن سے باہر آئیں گی. کاماز کے مطابق ان میں سے 200 کاریں الیکٹرک ہوں گی۔ نئے ماڈل اصل Moskvich سے بالکل مختلف ہوں گے اور ان کا ڈیزائن جدید طرز پر ہوگا۔ روس کے وزیر تجارت ڈینس مانتوروف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مستقبل قریب کا ہدف 2023 کے آخر تک مقامی سپلائرز کی شمولیت کے ساتھ چھوٹے نوڈ اسمبلی کے عمل کو قائم کرنا ہے.
واضح رہے ماسکو میں موسکویچ کار ساز ادارے کی فیکٹری جو 1930 میں قائم ہوئی تھی، سوویت دور میں موسکویچ کاروں کی اصل پروڈیوسر تھی۔ 2000 کی دہائی کے اوائل میں، رینالٹ نے پلانٹ خریدا اور موسکویچ لائن بند کر دی گئی۔ تاہم رواں برس مئی میں فرانسیسی کار ساز کمپنی نے پابندیوں کی وجہ سے روس سے کمپنی کا کام ختم کرتے ہوئے اس پلانٹ کو ماسکو حکام کے حوالے کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد روس کی جانب سے پلانٹ کا نام واپس Moskvich کر رکھ دیا گیا تھا.