ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روس کے جنوبی ملٹری ڈسٹرکٹ کے ہیڈ کوارٹر کا غیر اعلانیہ دورہ کیا ہے جہاں سے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے کیونکہ یہ شہر یوکرین میں جاری روس کے فوجی آپریشن کے قریب ترین ہے۔ اس موقع پر روسی صدر نے فوج کے اعلیٰ سطحی کمانڈروں کے ساتھ بند کمرے میں ملاقات کی۔
جمعہ کو علی الصبح صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کریملن کے پریس سکریٹری دیمتری پیسکوف نے انکشاف کیا کہ صدر پوتن نے وسطی روس کے شہر پرم سے واپسی کے دوران روستوو آن دان پہنچے جہاں انہوں نے جمعرات کو ایک بڑے قومی کھیلوں کے فورم میں شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق روسی صدر نے جنرل اسٹاف کے سربراہ آرمی جنرل ویلری گیراسیموف سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں کیف کے خلاف ملکی فوجی آپریشن کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ پیسکوف نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ اس کے علاوہ صدر پوتن نے دیگر اعلیٰ دفاعی حکام سے بھی بات کی۔