ماسکو (صداۓ روس)
روس کی وزارت دفاع نے اطلاع دی کہ روس کے Su-27 لڑاکا طیارے کو دو امریکی B-1B اسٹریٹجک بمبار طیاروں کو روکنے کے لیے بھجیا گیا۔ یہ طیارے بحیرہ بالٹک کی فضا میں روس کی فضائی حدود کے قریب آ رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق 24 اکتوبر 2023 کو روسی فضائی حدود کے کنٹرولرز نے بحیرہ بالٹک کی فضا میں روسی فیڈریشن کی قومی سرحد کے قریب دو فضائی اہداف کو دیکھا۔
روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی فوری ردعمل الرٹ فورسز کے ایک Su-27 لڑاکا طیارے کو فضائی اہداف کی نشاندہی کرنے اور انہیں روس کی قومی سرحد کی خلاف ورزی سے روکنے کے لیے فضا میں بھیجا گیا۔
روسی وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ Su-27 لڑاکا طیارے کے عملے نے فضائی اہداف کی شناخت امریکی فضائیہ کے دو B-1B اسٹریٹجک بمباروں کے طور پر کی۔
وزارت نے زور دے کر کہا کہ جیسے ہی روسی لڑاکا ان کے قریب آیا، غیر ملکی اسٹریٹجک بمبار طیاروں نے روسی فیڈریشن کی قومی سرحد سے یو ٹرن لیا اور واپس بھاگ گئے۔ روسی طیارہ روس کی قومی سرحد کی خلاف ورزی کو روکتے ہوئے بحفاظت اپنے آبائی اڈے پر واپس لوٹ گیا۔
جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روسی لڑاکا طیارے نے حفاظتی اقدامات کی تعمیل کرتے ہوئے غیر جانبدار پانیوں پر فضائی حدود استعمال کرنے کے بین الاقوامی قوانین کی سختی سے پیروی کی۔