ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے کویتی ہم منصب سالم عبداللہ الجابر الصباح کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ روس کویت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جس کے تحت شہریوں کو بغیر ویزے کے دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ہم نے اپنے ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا کی ضروریات کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے ایک بین الحکومتی معاہدے کی تیاری کے بارے میں سوچنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم جلد از جلد اس طرح کی دستاویز پر دستخط کرنا چاہیں گے۔
لاوروف نے کہا کہ روس کویتی شہریوں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے آغاز سے کویت سے ہمارے ملک میں سیاحوں کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دس گنا اضافہ ہوا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ فروری میں ہم نے ماسکو اور کویت کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ قائم کیا تھا، اس عمل نے شاید یہاں ایک بڑا کردار ادا کیا ہے۔