انڈونیشیا نے بیس ممالک کے شہریوں کو ویزا فِری انٹری دیدی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
انڈونیشیا نے امریکہ، چین، آسٹریلیا، انڈیا، جنوبی کوریا، جرمنی، برطانیہ اور فرانس سمیت 20 ممالک کے شہریوں کو ملک میں ویزے کے بغیر داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈونیشیا کے وزیرِ سیاحت کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت ایک مہینے کی مدت میں ویزا فِری انٹری کے حوالے سے اقدامات کو حتمی شکل دے دے گی۔ انڈونیشیا کی جانب سے یہ اقدامات اپنے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے اور معیشت کو بہتر کرنے کے لیے لیے جا رہے ہیں۔
انڈونیشیا کے وزیرِ سیاحت سندیاگا اونو کے مطابق اُن کے صدر نے حکومت کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 20 ممالک کے شہریوں کو ویزا فِری انٹری دینے پر غور کریں کیونکہ اس سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، سیاحت کو فائدہ پہنچے گا اور معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دُنیا میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے قبل 2019 میں تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ غیر ملکی انڈونیشیا آئے تھے۔ رواں سال جنوری سے اکتوبر تک انڈونیشیا آنے والی غیرملکیوں کی تعدد تقریباً 94 لاکھ 90 ہزار تھی۔ حال ہی میں جنوبی مشرقی خطے میں ملیشیا اور تھائی لینڈ متعدد ممالک نے غیرملکیوں کو ویزا فری انٹری دینے کا اعلان کیا ہے۔