روسی صدر کو 2024 میں درجنوں ممالک کے دوروں کی دعوتیں موصول
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن ٢٠٢٤ میں متعدد غیرملکی دوروں پر جاسکتے ہیں کیونکہ روسی ریاست کے سربراہ کو درجنوں ممالک کی طرف سے دعوت نامے موصول ہوئے ہیں۔ تاہم کریملن نے ابھی تک روسی صدر کے مستقبل کے دوروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ صدر پوتن نے دوست ممالک کے ممکنہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے اس سے قبل کہا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ مناسب وقت پر ان دوروں کو کیا جا سکے لیکن فلحال اس حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی.
واضح رہے گزشتہ مہینوں کے دوران، روسی رہنما کو برازیل، برونڈی، ویتنام، ایران، عراق، شمالی کوریا، کیوبا، منگولیا، تھائی لینڈ، ترکی اور دیگر ممالک کے دورے کی دعوتیں موصول ہوئیں۔ روسی صدر کے ممکنہ غیر ملکی دوروں کا جغرافیہ ان ممالک تک محدود نہیں ہے کیونکہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی ملک کے دورے پر جا سکتے ہیں۔ گروپ آف ٹوئنٹی (جی ٢٠) کا سربراہی اجلاس نومبر ٢٠٢٤ میں برازیل میں ہوگا۔ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) کا سربراہی اجلاس بھی اس سال پیرو میں ہوگا۔ روس اس سال برکس کی صدارت کر رہا ہے اور اس ایسوسی ایشن کا سربراہی اجلاس کازان میں منعقد ہوگا۔ سی آئی ایس سربراہی اجلاس بھی روس میں منعقد ہوگا۔ یاد رہے ٢٠٢٣ میں روسی صدر نے کرغزستان، چین، قازقستان، بیلاروس، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا دورہ کیا۔