حماس وفد کا دورہ ماسکو، تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، روس
ماسکو (صداۓ روس)
روسی وزارت خارجہ نے ماسکو میں ہونے والی بات چیت کے دوران حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے زیر حراست تمام یرغمالیوں کو رہا کرے۔ دوسری جانب غزہ میں انسانی بحران شدید تر ہوجاتا جا رہا ہے اور اسرائیلی بمباری سے اموات کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے روسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف اور حماس کے سیاسی بیورو کے رکن موسیٰ ابو مرزوق کے درمیان ملاقات کے بعد کہا “روس نے سات اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے تمام اسرئیلیوں کی رہائی پر ضرورت پر زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ٧ اکتوبر کو حماس نے اچانک حملہ کیا تھا جس کے دوران اس کے ارکان نے اسرائیلی فوجی اڈوں اور سرحدی بستیوں میں گھس کر حملہ کیا تھا۔ اس حملےکے نتیجے میں تقریباً ١١٤٠ افراد مارے گئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔
حملے کے دوران تقریباً ٢٥٠ افراد کو یرغمال بنا کرغزہ منتقل کیا گیا تھا اور ان میں سے تقریباً ١٠٠ کو نومبرکے آخرمیں جنگ بندی کے دوران رہا کر دیا گیا تھا۔ اسرائیل کے مطابق ان میں سے ١٣٢ غزہ میں موجود ہیں اور ان میں سے ٢٧ کے بارے میں خیال ہے کہ وہ مارے گئے ہیں۔
اسرائیل نے حماس کو “ختم” کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ گذشتہ ٢٧ اکتوبر سے شروع ہونے والا زمینی حملہ تباہ کن ثابت ہوا ہے جس میں اب تک ٢٤٧٦٢ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ان میں زیادہ تر خواتین اور بچوں کی ہیں۔